کوئٹہ (این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے سینئر صحافی مقبول احمد رانا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مقبول احمد رانا بلوچستان کی صحافت کا ایک نہایت ہی سینئر، تجربہ کار اور درخشاں ستارہ تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی صحافت اور حق گوئی کیلئے وقف کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ مرحوم نے روزنامہ مشرق میں بطور رپورٹر اپنے صحافتی سفر کا آغاز کیا اور بعد ازاں اپنی قابلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث ادارے کے ایڈیٹر کے منصب تک پہنچے۔ انہوں نے روزنامہ مشرق کو وہ پالیسی دی کہ مقامی رائٹرز خود پیدا کیے اور بلوچستان کے مقامی ادب کو فروغ دینے کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبول احمد رانا نے بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار مقامی زبانوں میں کالم لکھوائے، جن میں براہوئی، بلوچی، اردو اور پشتو کالم شامل ہیں۔ اس کے علاوہ (بچوں کا مشرق) کے عنوان سے ایک مقبول اور اصلاحی اشاعت کا بھی آغاز کیا، جسے عوامی سطح پر بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

