کوئٹہ (این این آئی) حکومت بلوچستان، محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے ایک اہم انتظامی فیصلے کے تحت حب لیویز فورس کو باقاعدہ طور پر بلوچستان پولیس میں ضم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حب لیویز کی تمام کمانڈ، اختیارات اور انتظامی کنٹرول اب براہِ راست سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ضلع حب کے ماتحت ہوں گینوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ حب لیویز کے تمام اہلکار اب پولیس کا حصہ تصور کیے جائیں گے اور ان کی تنخواہیں، مراعات، اور دیگر انتظامی امور ضلعی پولیس بجٹ کے تحت چلائے جائیں گے۔یہ فیصلہ امن و امان کے نظام کو مؤثر و مربوط بنانے کے پیش نظر کیا گیا ہے،تاکہ ضلع حب میں سیکیورٹی نظام میں یکسانیت اور فوری ردعمل کی صلاحیت میں بہتری لائی جا سکے۔اس انضمام کے بعد اب ضلع حب میں پولیس اور لیویز کے درمیان تفریق کا مکمل خاتمہ ہو چکا ہے۔تمام سیکیورٹی امور اور نفاذِ قانون سے متعلق کارروائیاں پولیس کمانڈ کے تحت انجام دی جائیں گی، جس سے ایک مربوط اور مضبوط امن و امان کا نظام قائم کیا جا سکے گا۔

