چاغی بازار میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری، گیرج سے موٹر سائیکل اور موبائل لوٹ کر فرار

دالبندین(این این آئی)چاغی بازار میں دن دہاڑے ایک افسوسناک واردات کے دوران نامعلوم موٹر سائیکل سوار ڈاکو مستری جلال کے گیرج پر دھاوا بول کر اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔ذرائع کے مطابق واردات کے وقت گیرج میں کام کرنے والا شاگرد احسان اللہ موجود تھا، جس نے بتایا کہ چار مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکو اچانک گیرج میں داخل ہوئے اور اسلحہ دکھا کر خوف و ہراس پھیلاتے ہوئے موٹر سائیکل اور موبائل چھین کر فرار ہوگئے۔واقعے کی اطلاع فوری طور پر مقامی انتظامیہ کو دی گئی، جس کے بعد نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ انتظامیہ نے تحقیقات شروع کر دی ہے تاہم تاحال کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اس واردات میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں