لاہور (این این آئی) کسان بورڈ پاکستان وسطی پنجاب کے صدر میاں رشید منہالہ نے کہا ہے کہ پانی کی کمی پوری کرنے کے لئے نئے ڈیم بنانے کی اشدضرورت ہے،ڈیم بنانے میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے ملک کی ترقی کے دشمن ہیں،حکومت مہنگائی کا خاتمہ بجلی، پٹرول، گیس کی قیمتیں کم اورکسان دوست پالیسیاں بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع جھنگ کے ذمہ داران کے اجلاس کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ،نااہل وزیروں اور مشیروں کے مشوروں نے زراعت کو تباہ اور کسانوں کوفاقوں پر مجبور کردیاہے، کسانوں کو اجناس کی پوری قیمتیں ادا کرے اور اس حوالے سے ہر مشاورتی اجلاس میں کسانوں کی حقیقی قیادت کو شامل کیا جائے،بلوچستان کاسانحہ صرف چند جانوں کا ضیاع نہیں بلکہ پاکستان کی بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی وحدت پر ایک کاری ضرب ہے جس میں ہمارے دشمن بھارت کا ہاتھ ہے،پنجاب سے روزی روٹی کمانے کے لیے بلوچستان جانے والے مزدوروں کو جس بیدردی سے قتل کیا گیا، وہ کسی بھی مہذب ریاست کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ ایسے سفاک قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں بلکہ انہیں سرِعام پھانسی دے کر ایک نشانِ عبرت بنایا جائے تاکہ ملک کے دشمنوں کو واضح پیغام ملے۔میاں رشید منہالہ نے حکومتِ پاکستان، وزارتِ داخلہ اور بلوچستان و پنجاب کی حکومتوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں کام کرنے والے تمام پنجابی محنت کشوں کو فوری فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر رزقِ حلال کما سکیں۔بلوچستان سے پنجاب آنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو ریاستی سکیورٹی دی جائے اور ہر بس کے ساتھ پولیس یا ایف سی کا دستہ تعینات کیا جائے۔واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جنگی بنیادوں پر گرفتار کر کے انسدادِ دہشت گردی عدالتوں کے ذریعے فوری سزا دی جائے تاکہ انصاف ہوتا ہوا نظر آئے۔حکومت اس واقعے پر صرف بیانات دینے کے بجائے عملی اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے اس واقعے میں تاخیر یا کوتاہی کا مظاہرہ کیا تو یہ نہ صرف حکومت کی کمزوری ہوگی بلکہ ملک دشمن عناصر کی حوصلہ افزائی بھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کب تک پنجاب کے محنت کش لاشوں کی صورت میں واپس آئیں گے؟ کیا مزدور ہونا اب جرم بن گیا ہے؟۔میاں رشید منہالہ نے کہا کہ یہ واقعہ ایک طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت انجام دیا گیا ہے جس کے پیچھے وہی عناصر ہیں جو پاکستان کو لسانی اور صوبائی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ مگر ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پنجاب کے کسان، مزدور اور عوام اپنے بھائیوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔کسان بورڈ وسطی پنجاب اس سانحے کی پرزور مذمت کرتا ہے اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت کے ساتھ ساتھ مکمل انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتا ہے۔

