اسلام آباد(این این آئی)حکومت نے عافیہ صدیقی کیس میں سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کا 16مئی کا آرڈر کالعدم قرار دینے کی اپیل کردی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا 16مئی کا آرڈر سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا اور حکم نامے کو کالعدم قرار دینے کی اپیل دائر کردی۔اپیل میں کہا گیا کہ 16مئی کو ہائیکورٹ نے فوزیہ صدیقی کی درخواست میں ترمیم منظور کی، فوزیہ صدیقی کی اصل درخواست والی استدعا پر عمل ہوچکا، عافیہ صدیقی سے متعلق کونسل رسائی بھی دی جاچکی، درخواست میں ترامیم سے کیس کو طول دیا جارہا ہے۔حکومتی اپیل میں کہا گیا کہ ہائیکورٹ آرٹیکل 199کے اسکوپ سے باہر جاکر کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا 16مئی کا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں انکی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست میں ترمیم کی استدعا منظور کرلی تھی۔

