پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر کا برطانیہ کے رائل انٹرنیشنل شو کا حصہ بننا پاکستان کیلئے فخر اور اعزاز کی بات ہے،سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان کے جے ایف 17طیارے کا برطانیہ کے رائل انٹرنیشنل شو کا حصہ بننا پاکستان کے لئے فخر اور اعزاز کی بات ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ کے دوران پاکستان کے جے ایف 17طیارہ جس نے اپنی کارکردگی سے بین الاقوامی شہرت حاصل کی پاک بھارت جنگ کے بعد اب پہلی مرتبہ برطانیہ میں ہونے والے رائل انٹرنیشنل ایئرشو میں حصہ لے گا۔ یہ شو 18جولائی سے 20جولائی تک آر اے ایف فیئر فورڈ میں منعقد ہوگا شو میں پاکستان کیجے ایف17 کے علاوہ سی ون 30اور آئی ایل 78 طیارے حصہ لے رہے ہیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر کسی انٹرنیشنل شو میں حصہ لے رہا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوارمحمد عبدالقادر نے کہا کہ نمائش کے موقع پر پاکستان کا جے ایف 17 تھنڈر خصوصی توجہ کا مرکز رہے گا پاک بھارت جنگ کے دوران غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جے ایف 17 تھنڈر کی خریداری کیلئے مختلف ممالک گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ کے نتائج کی وجہ سے پوری دنیا افواج پاکستان اور پاکستانی جہازوں کی صلاحیتوں کی معترف ہو چکی ہے جے 10 سی اور جے ایف 17 تھنڈر اپنی غیر معمولی کارکردگی کی بدولت دنیا کے صف اول کے لڑاکا طیاروں میں شمار ہونے لگے ہیں پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو عالمی معیار کے لڑاکا طیارے بنا رہا ہے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک کی پرائیویٹ کمپنیاں لڑاکا طیارے بنا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں