کوئٹہ+اسلام آباد(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، قبائلی عمائدین اور دانشوروں نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی یکجہتی کے فروغ، ملکی معیشت کی بحالی، تعلیمی نظام میں بہتری، صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی اور بالخصوص صوبہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کا دارومدار قومی اتحاد، باہمی احترام، علاقائی ہم آہنگی اور عوامی مسائل کے فوری حل پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر ہم آہنگ پالیسیوں اور مشترکہ لائحہ عمل کے تحت کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا مؤثر اور دیرپا حل ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان پاکستان کا اہم صوبہ ہے جس کی ترقی، نوجوانوں کو تعلیم و روزگار کے مواقع کی فراہمی، اور پسماندہ علاقوں تک بنیادی سہولیات کی رسائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے خود کو آراستہ کریں تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز کا مقابلہ صرف قومی یکجہتی، شفاف گورننس اور سماجی انصاف کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر آ کر مشترکہ وڑن کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ اس موقع پر شرکاء نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو اپنے علاقوں کے درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ ڈپٹی چیئرمین نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان مسائل کے حل کے لئے متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں سے رابطہ کر کے ان مسائل کے حل کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ شرکاء نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی عوام دوست سوچ، قیادت، اور پارلیمانی کردار کو سراہتے ہوئے ان کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا اور بلوچستان کے عوام کی آواز کو مؤثر انداز میں بلند کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

