لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش) حکومت پاکستان نے ایک اہم اور قابلِ فخر فیصلے کے تحت بلوچستان کے ممتاز اور باصلاحیت سیاستدان سینیٹر اسد قاسم رونجھو کو کشمیر امور، گلگت بلتستان اور سیفران (SAFRON) کی سینٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا چیئرمین نامزد کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کے لیے خوشی کا باعث ہے، کیونکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بلوچ نمائندے کو اس حساس اور اہم قومی ذمہ داری کے لیے منتخب کیا گیا ہے یہ تقرری وفاقی سطح پر بلوچستان کی شراکت داری اور نمائندگی کو تسلیم کرنے کی ایک عملی مثال ہے، اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ملک کی اعلیٰ قیادت بلوچستان کے باصلاحیت رہنماؤں پر اعتماد کا اظہار کر رہی ہے سینیٹر اسد قاسم رونجھو میں وہ تمام قائدانہ اوصاف، سیاسی فہم، قانونی شعور اور انتظامی صلاحیتیں موجود ہیں جو اس اہم عہدے کو احسن طریقے سے نبھانے کے لیے ضروری ہیں۔ ان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ کشمیر، گلگت بلتستان اور سابقہ فاٹا کے عوام کے مسائل کے حل اور ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل میں بھرپور کردار ادا کریں گے ان کی یہ تقرری بلوچستان کے عوام، بالخصوص نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ دیانتداری، اہلیت اور مستقل مزاجی کے ساتھ قومی قیادت میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکتا ہے ملک بھر سے سیاسی، سماجی، قبائلی اور عوامی حلقوں کی جانب سے سینیٹر اسد قاسم رونجھو کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔ بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں، نمائندہ شخصیات اور عوام نے اس فیصلے کو ایک بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بلوچ عوام کے دیرینہ مطالبے کی عملی پذیرائی ہے اور اس سے قومی یکجہتی، اعتماد اور جمہوری استحکام کو مزید تقویت ملے گی۔

