میر سلیم احمد کھوسہ کی مستونگ اور مچھ دھماکوں کی شدید مذمت، شہداء کو خراجِ عقیدت

صحبت پور (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ن بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر میر سلیم احمد خان کھوسہ نے ضلع مستونگ اور مچھ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان واقعات میں پاکستان آرمی کے میجر رینک کے افسر سمیت دو اہلکار جام شہادت نوش کرگئے جبکہ 8 جوان زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے بزدلانہ کارروائیاں کر رہے ہیں لیکن ایسی کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے ملک و قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ رقم کی ہے، پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ان کی قربانیوں کی بدولت ہی ملک میں امن قائم ہے۔ حکومت اور تمام ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں