پشین کے علاقے کلی مچان اچکزئی محلہ کے عوام شدید گرمی میں بھی پانی سے محروم ہیں،سعدا للہ خان ترین

پشین (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) پشین کے ضلعی صدر سعد اللہ خان ترین نے پشین شہر کے وسطی علاقے کلی مچان اچکزئی محلہ وارڈ نمبر 23 میں اس شدید گرمی میں پینے کے پانی کی سنگین قلت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے کے باسی گزشتہ کئی ہفتوں سے پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں، جو حکومت اور متعلقہ اداروں کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ پچھلے پانچ ہفتوں سے اس سنگین مسئلے کو مسلسل نظرانداز کر رہا ہے، جس کے باعث وارڈ نمبر 23 کے مکین سخت اذیت، پریشانی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ علاقہ مکینوں کو دور دراز علاقوں سے ٹینکروں کے زریعے پانی لانا پڑتا ہے اور بچے بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، لیکن متعلقہ ادارے اور حکام مسلسل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر اس مسئلے کا مستقل اور مؤثر حل نہ نکالا گیا تو علاقے کے عوام کے ساتھ ملکر سخت احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکمے پر عائد ہوگی۔انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان، وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، اور کمشنر کوئٹہ ڈویڑن سے مطالبہ کیا کہ وہ اس عوامی نوعیت کے معاملے کا فوری نوٹس لیں اور وارڈ نمبر 23 میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس دیرینہ مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ عوام کو ریلیف میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی اور پشین کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں