لسبیلہ: جمعہ کے روز بھی بجلی بند، کے الیکٹرک کی بے حسی پر عوام میں شدید غم و غصہ

لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش) جمعہ کے روز بھی بجلی بند، کے الیکٹرک کی بے حسی پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر پائی جارہی ہے جمعہ کی نماز میں بجلی کی بندش سے نمازی گرمی میں بلبلا اٹھے ضلعی انتظامیہ و منتخب عوامی نمائندے کے الیکٹرک کے آگے بے بس تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے مقدس دن جمعہ کے موقع پر بھی بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہا۔ نماز جمعہ کے وقت شہر بھر میں بجلی بند کر دی گئی جس سے نمازی شدید گرمی میں بلبلا اٹھے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ جمعہ کی نماز کے بعد بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی، گھنٹوں بجلی بند رہتی ہے اور پھر چند لمحوں کے لیے آن کر دی جاتی ہے۔شدید گرمی کے باعث شہریوں خصوصاً بزرگوں، خواتین اور بچوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عوامی حلقوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندے بھی کے الیکٹرک کے سامنے بے بس دکھائی دیتے ہیں اور کوئی بھی عوامی مسائل پر مؤثر آواز نہیں اٹھا رہا شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وزیر توانائی، اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اوتھل میں بجلی کی بلاجواز بندش کا فوری نوٹس لیا جائے اور عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں