اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے سیاحوں اور ٹرانسپورٹرز کے لیے بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے شمالی علاقوں میں سڑکوں کا نیٹ ورک بحال کر دیا جس میں چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت اہم شاہراہ، قراقرم ہائی وے (کے کے ایچ) بھی شامل ہے۔ یہ بحالی حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے وسیع پیمانے پر نقصان کے بعد ممکن ہوئی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مشینری اور عملہ دن رات متحرک کیا تاکہ گلگت بلتستان، کاغان، ناران اور اسکردو میں اہم شاہراہوں کی فوری بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ تیز رفتار بحالی کے عمل کے باعث تمام مرکزی راستوں، بالخصوص قراقرم ہائی وے جو پاکستان کو چین کے سنکیانگ صوبے سے جوڑتی ہے پر ٹریفک مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کے بہہ جانے سے ہونے والی تباہی کے باوجود، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے چند ہی دنوں میں بحالی کا 90 فیصد سے زائد کام مکمل کر لیا۔ کاغان اور ناران سے گزرنے والی شاہراہ N-15 سمیت کئی اہم سڑکیں پہلے ہی کھول دی گئی تھیں، جس سے سیاحوں اور مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہو گئی ہے۔

