قومی اسمبلی،فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظورکرلی گئی

اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی نے غزہ میں اسرائیلی افواج کی بڑھتی ہوئی جارحیت کی شدید مذمت اور فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کے اظہار کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔بدھ کو یہ قرارداد پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے پیش کی، جسے ایوان نے بھرپور حمایت کے ساتھ منظور کیا۔قرارداد کے متن کے مطابق ایوان نے فلسطینی عوام اور ان کی آزادی، وقار اور انصاف پر مبنی جدوجہد کیلئے پاکستان کی تاریخی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ قرارداد میں غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں، عام شہریوں کی شہادت، گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔قرارداد میں اسرائیلی حکام کی جانب سے غزہ پر طویل قبضے، جبری بے دخلی، اور فلسطینی شناخت کو مٹانے کے حالیہ بیانات اور اقدامات کی شدید مذمت کی گئی۔ایوان نے شہری علاقوں بشمول اسپتالوں، اسکولوں، عبادت گاہوں اور پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنانے اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کو بین الاقوامی انسانی و انسانی حقوق کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔قرارداد میں قحط، محاصرے اور اجتماعی سزا جیسے ظالمانہ ہتھکنڈوں کو جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی اخلاقی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ہو،شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور انسانی امداد کی بلارکاوٹ فراہمی ممکن ہو،قابض ریاست کو جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے،فلسطینی عوام کو انصاف اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں مکمل حمایت فراہم کی جائے۔قراردا دکے مطابق ایوان نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی فورمز پر فلسطینی عوام کی حمایت میں اپنی آواز بلند رکھے اور اپنی سفارتی، اخلاقی اور انسانی مدد کو مزید وسعت دے۔قرارداد میں غزہ کے بہادر اور ثابت قدم عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستانی قوم فلسطینی کاز کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے اور یہ حمایت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک فلسطینی عوام کو مکمل انصاف اور ان کے جائز حقوق حاصل نہیں ہو جاتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں