پنجاب بھر کے بلدیاتی ملازمین اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے 12 اگست کو سڑکوں پر نکلیں گے، آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن

کراچی/لاہور (این این آئی)آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن (رجسٹرڈ) پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری نصیرالدین ہمایوں ملک نے اعلان کیا ہے کہ 12 اگست 2025 کو اگیگا (APEGA) اور اپیکا (APCA) کی جانب سے دی گئی دھرنے کی کال پر پنجاب بھر کے بلدیاتی ملازمین سول سیکرٹریٹ لاہور کے سامنے اپنے جائز حقوق کے لیے بھرپور احتجاج کریں گے۔فیڈریشن کے مرکزی و صوبائی قائدین کی ہدایت پر پنجاب کے تمام بلدیاتی اداروں کے ملازمین اس اہم مرحلے پر خاموش تماشائی نہیں بنیں گے۔ وہ اپنے چھینے گئے حقوق، مراعات اور مستقبل کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر سڑکوں پر نکلیں گے۔ یہ صرف ایک احتجاج نہیں، بلکہ اپنے بچوں کے بہتر کل کے لیے ایک لازوال جدوجہد ہے۔مرکزی جنرل سیکرٹری نصیرالدین ہمایوں ملک نے کہا:“یہ وقت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھنے کا نہیں، بلکہ ظالمانہ نظام کے خلاف آواز بلند کرنے کا ہے۔ جب اپنے حق کے لیے نکلنا لازم ہو جائے توخاموشی جرم بن جاتی ہے۔ ہم اپنے بچوں کو مایوسی، خودکشی یا غربت کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ ہمارا عقیدہ ہے کہ رزق کا مالک صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے، اسی یقین کے ساتھ ہم میدان عمل میں آئیں گے۔”انہوں نے مزید کہا کہ تمام بلدیاتی ملازمین کو چاہیے کہ وہ اس دھرنے میں شرکت کرکے سرکاری و بلدیاتی ملازمین کی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔ یہ اتحاد ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔ ہم پرامن اور آئینی طریقے سے اپنے حقوق کا مطالبہ کریں گے اور انشااللہ یہ جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں