چاغی میں محکمہ ایکسائز نے 200ایکڑ رقبے پر کاشت افیون کی فصل تلف کردی

چاغی(این این آئی) محکمہ ایکسائز نے ضلع چاغی کے علاقے کردو میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 200 ایکڑ رقبے پر غیر قانونی طور پر کاشت کی گئی پوپی (افیون) کی فصل کو تلف کر دیا۔ یہ مشترکہ کارروائی مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت سے انجام دی گئی۔ موقع پر موجود افسران نے کہا کہ آپریشن میں اینٹی نارکوٹکس فورس،پاکستان کسٹم اوراور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بھاری مشینری کی مدد سے وسیع رقبے پر اگائی گئی افیون کی فصل کو تلف کیا۔حکام کے مطابق غیر قانونی کاشت کے لیے استعمال ہونے والے ذرائع کو بھی ناکارہ بنایا گیا۔ اس دوران زمین کی آبپاشی کے لیے نصب سولر ٹیوب ویل سسٹم کی پلیٹس کو بھی توڑ دیا گیا تاکہ مستقبل میں اس زمین کو دوبارہ منشیات کی غیر قانونی کاشت کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی منشیات کی غیر قانونی کاشت اور اسمگلنگ کے خلاف جاری حکومتی مہم کا حصہ ہے، اور اس سلسلے میں مزید آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں گے۔ علاوہ ازیں واقعے سے متعلق مزید تحقیقات بھی جاری ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں