کوئٹہ (این این آئی) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے ہزار گنجی میں صبح پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے جان علی کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں اس طرح کے واقعات قابلِ افسوس ہیں اور اس سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا اور عوام کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانا پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہزار گنجی میں پیش آنے والے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ کاشف حیدری نے شہید جان علی کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر و حوصلہ عطا کرے۔

