تکنیکی چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے اکیڈیمیا اور صنعتوں میں روابط کی ضرورت ہے : چیئر مین ایچ ای سی

ویب ڈیسک:پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے اعزاز میں لاہور میں ایک پُروقار استقبالیہ منعقد کیا گیا جس کی میزبانی فیصل منظور، چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف سیالکوٹ نے کی۔

تقریب میں مختلف سرکاری و نجی جامعات کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز اور وائس چانسلرز، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے کمیشن ممبران، چیمبرز آف کامرس کے صدور اور عہدیداران، ممتاز سینئر تجزیہ کاروں اور معزز میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے پاکستان کو درپیش سماجی، معاشی اور تکنیکی چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے اکیڈیمیا اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تحقیق، جدت اور کمرشلائزیشن کے فروغ کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ اقدامات کا ذکر کیا.

خصوصاً دفاتر برائے ریسرچ، انوویشن اور کمرشلائزیشن (اورک) کو مضبوط بنانے کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس کے قیام کو اہم پیش رفت قرار دیا۔

اس موقع پر فیصل منظور، سید احتشام مظہر، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، پروفیسر میاں عمران مسعود، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا، اور مرتضیٰ نور، سینئر نائب صدر اکیڈیمیا۔انڈسٹری فورم نے بھی خطاب کیا، مقررین نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد اور اکیڈیمیا اور صنعت کے درمیان مؤثر تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

استقبالیہ تقریب نے اکیڈیمیا، صنعت کے رہنماؤں اور پالیسی سازوں کے درمیان باہمی تبادلۂ خیال کا ایک بہترین موقع فراہم کیا، جس میں پاکستان میں انوویشن، انٹرپرینیورشپ اور پائیدار معاشی ترقی کے فروغ کے لیے مختلف امکانات پر گفتگو کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں