خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے،روبینہ عرفان

کوئٹہ (این این آئی) سابق رکن قومی اسمبلی روبینہ عرفان کریم نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن دنیا بھر کی ان خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے جو معاشرے کی ترقی، تعلیم کے فروغ، قیامِ امن اور خوشحالی کے لیے ہر میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کسی بھی سماج کی سماجی اور قومی ترقی کی بنیاد ہوتی ہیں، اور ان کی شمولیت کے بغیر حقیقی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔روبینہ عرفان کریم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور فیصلہ سازی کے عمل میں مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لا سکیں۔انہوں نے تمام سرکاری و نجی اداروں اور معاشرے کے ہر فرد سے اپیل کی کہ خواتین کے احترام، تحفظ اور ان کے بنیادی حقوق کے فروغ کے لیے مشترکہ اور عملی اقدامات کیے جائیں، کیونکہ ایک بااختیار خاتون ہی مضبوط اور خوشحال معاشرے کی ضمانت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں