پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر 55روپے کا اضافہ ناقابل قبول ہے،روزی خان کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماو سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ، کوئٹہ سٹی کے سابق صدر نورالدین کاکڑ،صوبائی رہنمااختر بلوچ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر 55روپے کا اضافہ ناقابل قبول ہے،پاکستان پیپلز پارٹی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے، حکومت مہنگائی کم کرنے کیلئے ٹھوس اورعملی اقدامات اٹھائے اور مہنگائی کے مارے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے۔یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں وفاقی حکومت کا یکمشت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55روپے کا اضافہ عوام پر پٹرول بم گرانے کے مترادف ہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی عیدکی خوشیاں بھی ماند پڑجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں رہی سہی کسر حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرکے پوری کردی ہے جس کے خلاف پاکستان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز بلند کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گاپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی شدید مہنگائی اور غربت کا شکار ہیں حکومت فوری طور پر قیمتوں میں حالیہ اضافے کا فیصلہ واپس لے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی قوت خرید ختم ہو جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں