اسلام آباد(این این آئی)یومِ آزادی اور معرکہ حق کے جشن کے موقع پر پاکستانی شہریوں نے پیغام دیاہے کہ ہم وہ چراغ ہیں جو اندھیروں میں روشنی لاتے ہیں، ہم وہ عزم ہیں جو طوفان میں بھی نہ ڈگمگائیں، یہ دھرتی ہماری پہچان ہے۔شہریوں نے کہاکہ ہمارا عہد ہے کہ اپنی صلاحیت، علم اور جذبے سے اپنے مستقبل کو بہتر بنائیں گے،یہ پرچم ہمارا مان ہے، اس وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے علم کو اپنی طاقت بنائیں گے، اپنے ہنر کو اپنی منزل تک پہنچنے کا راستہ بنائیں گے،ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ترقی، عزت اور کامیابی کی علامت بنائیں گے۔شہریوں نے کہاکہ ہم ان نظریات کے نگہبان ہیں جن کے لیے لاکھوں جانیں نچھاور کی گئیں، ہمیں فخر ہے کہ ہم اس جنگ کا حصہ ہیں جس معرکے میں حق کی جیت ہے۔ ہمیں اپنی تاریخ، اپنے شہداء اور اپنے قومی نظریے پر فخر ہے۔شہریوں نے کہاکہ ہمارا عہد ہے اس سرزمین سے کہ اپنی قابلیتوں اور صلاحیتوں سے اسے دنیا میں منوائیں گے، اپنے روشن کل کے لیے علم و ہنر کو اپنی ڈھال بنائیں گے، ترقی اور خوشحالی کی دوڑ میں آگے بڑھتے جائیں گے،یہی ہے ہمارا فخر، یہی ہے معرکہ حق، پاکستان زندہ باد، پاکستان زندہ باد،پاکستان زندہ باد!۔

