پاکستان کی عسکری و سفارتی کامیابیاں عالمی منظرنامے پر نمایاں ہیں‘ ملک محمد احمد خان

لاہور(این این آئی)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے عسکری اور سفارتی میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن کے عالمی سطح پر دور رس اور گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف عسکری محاذ پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ سفارتی سطح پر بھی اپنی پوزیشن کو مضبوط کیا جسے عالمی برادری تسلیم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوا اقبال میں ”بھارت پر پاکستان کی عسکری اور سفارتی فتوحات کے عالمی اثرات“ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی موثر حکمتِ عملی کے ذریعے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم دفاعی اعتبار سے مضبوط اور سفارتی محاذ پر فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشنز اور موثر خارجہ پالیسی نے پاکستان کو دنیا کے سامنے ایک ذمہ دار اور مضبوط ملک کے طور پر پیش کیا ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی عسکری حکمتِ عملی مزید موثر ہوئی ہے، جس نے بھارت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنایا اور خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھا۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ بھارت کے جارحانہ رویے کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان ان عسکری و سفارتی کامیابیوں کو معاشی اور تجارتی میدان میں بھی بروئے کار لائے تاکہ ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر ڈالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری میں پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کیا جا رہا ہے اور ہمارے سفارتی اقدامات کے نتیجے میں خطے میں امن و استحکام کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔ سیمینار میں موجود ماہرین اور طلبا نے بھی سپیکر ملک محمد احمد خاں کے خیالات کو سراہا اور پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے مضبوط دفاعی اور سفارتی حکمتِ عملی کو جاری رکھنے پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں