اسحاق ڈار کی برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری برائے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان سے ملاقات، دوطرفہ تعلقا ت پر گفتگو

اسلام آباد /لندن (این این آئی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو لندن میں برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری برائے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان ہمیش فالکنر سے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (ایف سی ڈی او) لندن میں ملاقات کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے مکمل دائرہ کار کا جائزہ لیا اور ماحولیات، سیاسی، اقتصادی اور باہمی عوامی تعاون کو مزید وسعت دینے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اقتصادی اصلاحات کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام سمیت علاقائی صورتحال کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کے مثبت انداز کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور سٹریٹجک تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے باقاعدہ اعلیٰ سطحی مصروفیات کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں