اسلام آباد(این این آئی)برطانیہ نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی امداد کیلئے 1.33ملین پاؤنڈ(تقریباً 60کروڑ روپے) کی انسانی ہمدردی پر مبنی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس امداد سے پنجاب، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے سات متاثرہ اضلاع میں 2لاکھ 23ہزار سے زائد افراد کو سہولت فراہم کی جائے گی۔برطانوی ہائی کمشنر جین میرجوٹ نے کہا کہ برطانوی تعاون سے متاثرہ کمیونٹیز کو فوری مدد پہنچائی جا رہی ہے، جس میں خشک راشن کی فراہمی، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، موبائل میڈیکل کیمپس، پینے کے پانی کے نظام کی بحالی، نہری نظام کی مرمت، اور کھیتی باڑی کیلئے معاونت شامل ہے۔علاوہ ازیں متاثرہ خاندانوں کو خیمے، راشن، گھریلو سامان اور خواتین کیلئے ڈگنٹی کٹس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے کے کوآرڈینیٹرز امدادی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ امداد تیزی اور موثر طریقے سے تقسیم ہو سکے۔رپورٹ کے مطابق، برطانیہ کے تعاون سے سندھ میں بھی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت حکومت سندھ نے ضلعی اور صوبائی سطح پر ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن ونگز قائم کرنے کیلئے بجٹ مختص کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ایک آن لائن ڈیش بورڈ بھی تیار کیا گیا ہے جو محفوظ پناہ گاہوں، طبی سامان اور ریسکیو آلات کے اعدادوشمار کو ضلعی و صوبائی سطح پر یکجا کرتا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں بروقت ردعمل دیا جا سکے۔

