میر حاصل بزنجو کی ساری جدوجہد پاکستان کو انسان دوست اور مظلوموں و محکوموں کے حقوق و آئینی بالادستی کو یقینی بنانا تھا،سینیٹر جان بلیدی، فرحت اللہ بابر و دیگر

کوئٹہ (این این آئی)نیشنل پارٹی کے سابق صدر مر حوم سینیٹر میر حاصل خان بزنجو کی برسی کی مناسبت سے تعزیتی ریفرنس نیشنل پارٹی اسلام آباد کے زیراہتمام کیا گیا۔ جس میں سینیٹر جان بلیدی، فرحت اللہ بابر، یاسمین لہڑی ایوب ملک سمیت کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر جان بلیدی کا کہنا تھا کہ میر حاصل بزنجو کی ساری جدوجہد پاکستان کو انسان دوست اور مظلوموں و محکوموں کے حقوق و آئینی بالادستی کو یقینی بنانا تھا۔ وہ ساری زندگی اس ملک میں جمہوری و آئینی بالادستی کے لیے غیر آئینی قوتوں سے نبردآزما رہے۔ ان کی زندگی طویل جدوجہد سے عبارت ہے جیلیں مقدمات حتی کے غداری جیسے مقدمات کا سامنا بھی انہوں نے نہایت دلیری سے کیا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ میر حاصل بزنجو سے میرا بڑا طویل تعلق رہا ہے میں نے کبھی انہیں اقتدار یا ذاتی مفاد کے لیے اپنے اصولوں کو قربان کرتے نہیں دیکھا۔ وہ ساری زندگی اپنے اصولوں کے لیے لڑتے رہے۔ ان کی بڑی خواہش تھی پاکستان کی تمام بائیں بازو کی جماعتوں کا اتحاد ہو اور اجتماعی شکل میں جدوجہد کی جائے۔ اسی سلسلے میں میں اور سینیٹر نیر بخاری انہیں ملنے کراچی گئے وہ اس وقت ہسپتال میں داخل تھے مگر بائیں بازو کے اتحاد سے بڑے خوش ہوئے اور بڑی طویل بحث کی۔ آخر میں انہوں نے کہا بابر صاحب شاید میں اس اتحاد کو نہ دیکھ سکوں مگر میری بڑی خواہش ہے کہ پاکستان کی تمام بائیں بازو کی جماعتیں اکھٹی کو اور اجتماعی قوت کی شکل میں مظلوموں و غریبوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں اور اس اتحاد میں پیپلز پارٹی بھی شامل ہو۔نیشنل پارٹی کے رہنما ایوب ملک نے ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا حاصل بزنجو سے قریب تیس سالہ تعلق رہا ہے اور آخری بیماری کے سالوں میں تو دن کا اکثر وقت ہمارا ساتھ ہی گزرا ہے۔ میں نے میر حاصل سے زیادہ زندگی کو قریب سے دیکھنے والا شخص آج تک نہیں دیکھا۔میر حاصل کا فلسفہ اور ان کے سیاسی اصول سماج سے اخذ شدہ تھے وہ کہا کرتے تھے کہ بٹا دانشور وہی ہے جس کا فلسفہ سماج سے منسلک ہو اور وہ سماج میں آنے والی تبدیلیوں کا بغور مشاہدہ کرے اور ساتھ ساتھ اپنے فلسفے میں تبدیلی بھی لائے۔تعزیتی ریفرنس سے یاسمین لہڑی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میر حاصل بزنجو ہمارے سیاسی استاد تھے انہوں نے ہمیشہ محکوموں و مظلوموں کے حقوق کی جدوجہد کا درس دیا میں پنجاب کی قیادت ایوب ملک کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ وہ گاہے بگاہے اس طرح کے شاندار پروگرام ترتیب دیتے رہتے ہیں۔تعزیتی ریفرنس سے ناصر زیدی،ملک نذیر اعوان، جمیل احمد، ندیم مرزا سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔نیشنل پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو سینیٹر جان محمد بلیدی و ایوب ملک کی طرف سے خوش آمدید کہا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں