صحبت پور(این این آئی)سبزی فروٹ ریڑھی بان بازار یونین کی جانب سے صدر ذاکرحسین ناوڑا سینئرنائب صدر عبدالعزیز گولہ بختیار احمد ستمانی حاکم علی ستمانی کی قیادت میں سبزی فروٹس کی ریڑھیاں و دکانیں بند کرکے اسسٹنٹ کمشنرصحبت پور کی ناروا سلوک کیخلاف ریلی نکالی اور ڈسٹرکٹ پریس کلب صحبت پور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔تفصیلات کے مطابق سبزی فروشوں نے اسسٹنٹ کمشنر صحبت پور کی ظلم زیادتیوں و نارواسلوک پر گزشتہ تین روز سے شہر بھر میں سبزیوں کی ترسیل بند کرکیکردیا ہے۔ریڑھی بانوں نے آج ذاکرحسین ناوڑا اور عبدالعزیز گولہ کی قیادت میں یوفون ٹاور سے اے سی کیخلاف ریلی نکالی۔ ریلی میں ریڑھی بانوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلیکارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ضلعی انتظامیہ و اسسٹنٹ کمشنر صحبت پور کیخلاف نعرے درج تھے۔ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ڈسٹرکٹ پریس کلب صحبت پور پہنچی۔جہاں پر ریلی کیشرکاء سے ذاکرحسین ناوڑا عبدالعزیز گولہ حاکم علی ستمانی اور بختیاراحمد ستمانی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے موجودہ اسسٹنٹ کمشنر صحبت پور نے چارج سنبھالا ہے موصوف نے غریب لوگوں اور ریڑھی بانوں کو حقیر جانا ہے۔ان غریبوں پر انکا پارہ ہر وقت ہائی رہتا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے ہمیشہ سبزی فروش ریڑھی بانوں پر ظلم ڈھائے ہیں ہر ماہ دو سے تین مرتبہ بلاجواز بھاری جرمانے عائد کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابھی دو ہفتے قبل ہی میونسپل کمیٹی کی جانب سے مزکورہ ریڑھی بانوں کو سرکاری لائسنس جاری کئے گئے اس وقت ضلعی انتظامیہ کو پتہ نہیں تھا کہ ریڑھیاں کہاں کھڑی ہے اب جاکر انہیں پتہ چلا ہے کہ تجاوزات ہیں تجاوزات کا بہانہ بنا کر اے سی صحبت پور بلاوجہ غریب ریڑھی بانوں کو تنگ کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آج تیسرے روز سے تمام ریڑھیاں و سبزیوں کی دکانیں احتجاجاًً بند کی ہوئی ہیں اور آج ہم نے احتجاجی ریلی نکال کر ڈسٹرکٹ پریس کلب صحبت پور کے سامنے اپنا احتجاج کیا۔ انہوں کہا کہ ہم کمشنرنصیرآباد چیف سیکرٹری بلوچستان اور وزیراعلی’بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسسٹنٹ کمشنر صحبت پور کا فوری طور تبادلہ کرکے ہمیں انصاف دلایاجائے بصورت دیگر ہم اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کمشنرنصیرآباد کے دفتر کے سامنے احتجاج کرینگے۔درین اثناء دوسری جانب مسلسل تین روز سے شہر میں سبزی فروٹس کی ریڑھی و دکانیں بند ہونے سے شہریوں کو سبزی و فروٹس کے حصول کیلئے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔عوامی حلقوں نے بھی حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم مسئلے کا نوٹس لیکر اسے حل کرائیں تاکہ لوگوں کو روز مرہ کی سبزیاں مل سکیں۔۔

