کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ شہر میں آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کا غیر قانونی رکشوں پر بھاری کریک ڈاؤن، 25 رکشے قبضے میں لے لیے گئے۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن و چیئرمین آر ٹی اے کوئٹہ کی ہدایت پر کوئٹہ شہر میں غیر قانونی رکشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا یہ کارروائی سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد بلوچ اور ایس پی ٹریفک سٹی شبانہ حبیب کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی، جس میں آر ٹی اے اہلکار اور ٹریفک پولیس کی ٹیمیں شریک تھیں۔کریک ڈاؤن کے دوران کاسی روڈ، قلندر مکان، رکشہ بنانے والے گیراج، مشن روڈ اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے۔ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 25 غیر قانونی رکشوں کو قبضے میں لے کر بند کر دیا گیا۔سیکرٹری آر ٹی اے ظہور احمد بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی رکشے شہر میں ٹریفک مسائل اور حادثات کی بڑی وجہ ہیں۔ ان کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولتیں میسر ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں کمشنر و چیئرمین آر ٹی اے کی ہدایت پر جاری رہیں گی اور غیر قانونی رکشوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔عوامی حلقوں نے اس کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

