لاہور(این این آئی)نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺکا جشن ولادت کل (ہفتہ)بمطابق 12ربیع الاول انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوگا۔ نماز فجر کے بعد اسلام کی سر بلندی،ملک کی ترقی و خوشحالی اورامت مسلمہ کے اتحادو یکجہتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ ملک بھر میں درودوسلام اور نعت خوانی کی محافل کا انعقاد کیا جائے گا،سیمینار اور کانفرنسز سمیت میلاد جلوس اور یلیاں نکالی جائیں گی۔ جن میں نبی کریم حضرت محمدﷺ کی سیرت مبارکہ اوردین اسلام کی سربلندی کیلئے کی جا نے والی عظیم کاوشوں کو موضوع بنایاجائے گا جبکہ ریلیوں اور جلوسوں میں حمد و ثنا اور درود پاک پڑھے جائیں گے۔ جشن میلاد النبی ؐکے سلسلہ میں ملک بھر کے گلی، محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے، جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں، مساجد اور گھروں پر چراغاں کیاگیا ہے۔ حکومت کی جانب سے 12ربیع الاول کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سخت سکیورٹی انتظامات کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔

