کوئٹہ(این این آئی)فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین نے صدر مملکت،وزیراعظم،آرمی چیف،چیف جسٹس آف پاکستان اوردیگر حکام بالا کے نام لکھے گئے کھلے خط میں کہا ہے کہ فیڈرل لیویز کے ریٹائرڈ ملازمین گزشتہ 4سال سے بغیر پنشن کے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں جس کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت کو فوری طورپر فیڈرل لیویز کے ریٹائرڈ ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کے احکامات جاری کریں۔فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین عمران شیر حیدر،لعل جان،شاہ محمد، عنایت اللہ، تاج محمد،خانان،محمد طاہر،یارمحمد،شاہ ولی اوردیگر نے خط میں کہا ہے کہ فیڈرل لیویز کے ریٹائرڈ ملازمین نے اپنی پوری زندگی صوبے میں امن و امان کے قیام اور ڈیوٹی سرانجام دینے میں گزار دی اب چار سال سے یہ ریٹائرڈ ملازمین پنشن اوردیگر جائز حق سے محروم ہیں جن کی وجہ سے انکے گھروں میں نوبت فاقوں تک آپہنچی ہے اور بچوں کے اسکولوں کی فیس ادا نہ ہونے کی وجہ سے انہیں اسکولوں سے نکالا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 2024ء کو فیڈرل لیویز کے ریٹائرڈ ملازمین نے احتجاجی دھرنا دیا 41روز کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی ہمارے کیمپ آئے اور وعدہ کیا کہ آپ کے مطالبات جائز ہیں انہیں حل کریں گے لیکن انکا وعدہ وفا نہیں ہوسکا۔انہوں نے کہا کہ ملازمین نے دوبارہ مجبور کو 2025ء میں پرامن دھرنا دیا جس کے بعد صوبائی وزیر خزانہ میرشعیب نوشیروانی کی قیادت میں وفد نے آکر ہم سے مذاکرات کئے اور حکومت نے ہمارے مطالبات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جس کے چیئرمین اوردیگر ممبران نے فیڈرل لیویز کے ریٹائرڈ ملازمین کے لئے گولڈن ہینڈشیک اسکیم تجویز کی لیکن اس پربھی عملدرآمد نہیں ہواجس کے بعد26دسمبر 2025ء سے ہم نے پریس کلب کے سامنے شدید سردی میں تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کی اس دوران سردی کے باعث ہمارا ایک ساتھی عبدالحلیم مندوخیل انتقال کرگیاجس کے بعد رکن صوبائی اسمبلی نے آکر ہماری تادم مرگ بھوک ہڑتال ختم کروائی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70روز سے ہم اپنے مطالبات کے حل کیلئے پریس کلب کے سامنے احتجاج پربیٹھے ہوئے ہیں اور رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی احتجاج پر ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔انہوں نے صدر مملکت،وزیراعظم،آرمی چیف،چیف جسٹس آف پاکستان اوردیگر حکام بالا سے اپیل کی کہ فیڈرل لیویز فورس کے ریٹائرڈ ملازمین کے پرامن احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت کو فوری طور پر ہمارے جائز مطالبات تسلیم کرنے کے احکامات جاری کریں۔

