کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشیداحمد، حاجی بشیراحمد کاکڑ، حافظ شبیراحمد مدنی، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، سید حاجی عبدالواحد آغا، حافظ مسعوداحمد، حاجی محمد قاسم خلجی، حاجی ولی محمد بڑیچ، صفی اللہ مینگل، شاہ زاہد مشوانی اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کو دانستہ طور پر کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ شہر بھر میں جاری غیر معیاری اور سست رفتار ترقیاتی کاموں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جگہ جگہ سڑکوں کی توڑ پھوڑ کے باعث شدید گرد و غبار اٹھ رہا ہے جس کے نتیجے میں مختلف بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ فضائی آلودگی اور صفائی کی بدترین صورتحال شہریوں کے لیے وبالِ جان بن چکی ہے جبکہ مسلسل اذیت ناک حالات کے باعث عوام شدید ذہنی دباؤ اور اضطراب کا شکار ہوچکے ہیں۔ دکاندار راہگیر اور مریض سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر معمولی سست روی، ناقص منصوبہ بندی اور متعلقہ اداروں کی غفلت و لاپرواہی قابلِ افسوس اور قابلِ مذمت ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی کھدائی کے باعث ٹریفک جام روز کا معمول بن چکا ہے انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیاکہ وہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت میں معیاری انداز میں مکمل، گرد و غبار کے تدارک اور صفائی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور شہریوں کو مزید اذیت سے بچایا جائے۔

