کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ میں خواتین کیلئے پہلی مخصوص بس سروس جلد شروع ہوگی،چین سے 21 جدید بسیں روانہ ہو گئیں بلوچستان ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق چین کی ایک بندرگاہ سے کل 21 جدید بسیں روانہ کی گئی ہیں جن میں سے پانچ گلابی بسیں خواتین مسافروں کے لیے مخصوص ہیں جبکہ 16 سبز بسیں عام عوام کے لیے ہیں۔ یہ بسیں اس ماہ کے آخر تک صوبائی دارالحکومت پہنچنے کی توقع ہے۔گوادر پرو کے مطابق ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹری خان کاکڑ نے بلوچستان ہائی کورٹ کو بتایا کہ یہ سروس یونیورسٹی سے سریاب مل تک اہم راستوں پر چلے گی اور نئی بسوں کے اضافے کے ساتھ اسے کوچلاک تک وسعت دی جائے گی۔ گوادر پرو کے مطابق یہ آغاز کوئٹہ کے رہائشیوں کے لیے سستی اور قابل اعتماد سفری سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ گلابی بسیں خواتین کے لیے سفر کو محفوظ اور آسان بنانے کے لیے مخصوص کی گئی ہیں کیونکہ خواتین کو محدود اور اکثر غیر محفوظ سفری مواقع کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق صوبائی منصوبے کے تحت، قریبی مستقبل میں گوادر اور تربت کے لیے چار چار بسیں خریدی جائیں گی جبکہ پشین، خضدار اور سْوئی کو دو دو بسیں فراہم کی جائیں گی۔ گوادر پرو کے مطابق چینی ساختہ بسیں پہلے ہی پنجاب، کراچی، پشاور اور اسلام آباد میں چل رہی ہیں جو پاکستان کے شہری ٹرانسپورٹ نظام کو جدید بنانے اور ہزاروں مسافروں کے روزمرہ کے سفر کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔

