کوئٹہ(این این آئی)وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی سیکرٹری تعلیم اسفند یار کاکڑ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر نصیر علی شاہ نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان کی تاریخ میں ایک عظیم دن ہے6 ستمبر 1965 کو مسلح افواج بھارت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی، پاکستان کی بہادر فوج نے بھارتی افواج کا غرور خاک میں ملا دیا پوری قوم وطن عزیز کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے،1965کی طرح معرکہ حق میں بھی پاکستان کی مسلح افواج نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ نہ صرف مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنا جانتی ہیں بلکہ امن قائم رکھنے کا حوصلہ بھی رکھتی ہیں۔یہ بات انہوں نے گورنمنٹ ہائی اسکول جناح ٹاون کوئٹہ میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب کے دوران اسکولوں کے طلبہ اور طالبات نے تقریری مقابلے،ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 تاریخ کا وہ باب ہے جو پاکستانی قوم کبھی نہیں بھولتی اس دن ہمارے بہادر سپوتوں نے جرات، ہمت اور بہادری کی وہ مثال قائم کی جس سے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے، رات کی تاریکی میں جب بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لاہور پر حملہ کیا تو پاک فوج کے شیر دل جوانوں نے ایسی بے مثال جرات دکھائی کہ آج 25 کروڑ عوام اور بچہ بچہ میجر شہید عزیز بھٹی بننے اور نشانِ حیدر حاصل کرنے کا عزم رکھتا ہے، اسی طرح جرات کی وہ مثال بھی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی جب ایم ایم عالم نے دشمن کے پانچ طیارے لمحوں میں تباہ کر کے ستارہ جرات اپنے نام کیا انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وطن کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے جس کا عملی مظاہرہ افواج پاکستان نے معرکہ حق کے دوران پیش کیا اور دشمن کو منہ کی کھانی پڑی۔انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں وطن ِ عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے یہ دن ہمیں اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کا سبق دیتا ہے ہمیں چاہیے کہ ہم سب مل کر پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور وطن کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ یکجہتی کے ساتھ کریں۔اس موقع پرصوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے ملی نغمے ٹبلیواور تقریری مقابلے میں حصہ لینے والے طلبہ و طالبات کے لئے 2لاکھ روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا۔

