کوئٹہ (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہاہے کہ 6 ستمبر 1965 ہماری دفاعی تاریخ کایادگار دن ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا 6 ستمبرکو پاکستانی فوج نے نہ صرف مادر وطن کا دفاع کیا بلکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کو شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے بزدل دشمن نے لاہور پر قبضہ کرنے کے لیے رات کی تاریکی میں حملہ کیا اور پوری دنیا نے دیکھا کہ افواج پاکستان کے جری سپوتوں نے بے مثال بہادری سے دشمن کو پسپا کیا۔یہ بات انہوں نے مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس میں یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری نعیم کریم نے کہاکہ پاک دھرتی کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دفاع وطن کے لیے جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے دفاع وطن کے لئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہماری آن،بان اور شان ہیں آج پوری قوم شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کااظہار کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں 1965 کی جنگ کے ان عظیم شہدا اور غازیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے جان کی پرواہ کیے بغیر اپنی سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا اور بھارتی افواج کو پسپا کر کے ان کے جارحانہ عزائم کو خاک ملایا۔ انہوں نے کہا کہ 1965 کی پاک بھارت جنگ میں پاک افواج نے جس جرات اور شجاعت کا مظاہرہ کیا تاریخ میں اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ6ستمبر 1965کو پاکستان کی بحری، بری اور فضائیہ افواج نے جس جذبے اور جرات کا مظاہرہ کیا دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی یہ دن ہمیں افواج پاکستان کی وطن کے لیے دی گئی قربانیوں اور غازیوں کی جرات اور شجاعت کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک پر جب بھی مشکل وقت آیا تو پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک وطن کے جوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ثابت کیا کہ قومیں جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان اور حوصلے سے جیتتی ہیں تاریخ عالم پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

