کراچی (بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں کو نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے برانچوں میں کیش ڈپازٹ مشینز کی تنصیب لازمی قرار دے دی۔ اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق تمام کمرشل بینک 2028ء تک اپنی شاخوں میں کم از کم 25 فیصد تک سی ڈی ایم مشینیں نصب کریں اور اس حوالے سے سالانہ رپورٹ اسٹیٹ بینک کو جمع کرائیں۔سرکلر میں کہا گیا کہ کمرشل بینک سی ڈی ایم کے ذریعے جمع ہونے والی رقوم کو فوری طور پر متعلقہ صارف کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کے پابند ہوں گے ۔مزید برآں کسی غیر صارف کی ڈپازٹ ٹرانزیکشن کیلئے لازمی طور پر بائیومیٹرک تصدیق کرنی ہوگی تاکہ فراڈ اور غلط ٹرانزیکشنز کو روکا جا سکے ۔اسٹیٹ بینک نے ہدایت دی کہ کمرشل بینک سی ڈی ایم مشین کا ڈیٹا کم از کم60دن تک محفوظ رکھیں اور کسی بھی ٹرانزیکشن تنازع کو 3 روز کے اندر حل کریں۔ سرکلر میں مزید کہا گیاکہ بینکوں کو سی ڈی ایم ایریا میں مناسب روشنی، پرائیویسی اور سخت سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ صارفین بلا خوف و خطر اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔ بینکاری ماہرین کا کہنا ہے کہ سی ڈی ایم کی تنصیب سے بینکنگ سسٹم میں ڈیجیٹل سسٹم کو فروغ ملے گا اور صارفین کے لیے کیش ڈپازٹ کا عمل مزید تیز اور شفاف ہو جائے گا۔

