کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کا محور عوام کی ترقی، خوشحالی اور ان کے طرزِ زندگی میں بہتری ہے، پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی، بلوچستان میں ترقی کے نئے راستے کھلے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشرقی بائی پاس سبی شاہراہ کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں کمانڈر ملا عبیداللہ بڑیچ، حاجی محمد گل شاہوانی، ٹکری حمید بنگلزئی، حاجی نور محمد رخشانی، انور مینگل، ڈاکٹر راشد قریشی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ حلقے کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں عوامی مینڈیٹ سے نوازا ہے، ہم اس کی قدر کرتے ہیں اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے علاقے کے بنیادی مسائل کے حل کو ترجیح دے رہے ہیں۔ مشرقی بائی پاس کی تعمیر و توسیع کا منصوبہ علاقے کی ترقی اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، منصوبے پر تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت آئے گی۔انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے منصوبے کی منظوری اور تکمیل کے لیے بھرپور معاونت فراہم کی، جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم پہلے ہی اس عزم کا اعادہ کرچکے ہیں کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے ہاتھوں سے بندوق لے کر انہیں قلم تھمانا ہے۔ کسی بھی معاشرے کی مضبوط اور پائیدار تشکیل میں امن، محبت اور بھائی چارہ بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ بلوچستان کے نوجوانوں میں بدامنی اور انتشار پھیلانے والوں کا محاسبہ کرنا ہوگا تاکہ صوبے میں امن و استحکام کا وہ خواب جو ہم سب نے دیکھا ہے، اسے حقیقت میں تبدیل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

