ہرنائی(این این آئی)ضلع ہرنائی میں منشیات کے خاتمے اور علاقے کو امن و امان کا گہوارہ بنانے کے لیے پولیس کی جانب سے کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ ایس پی ہرنائی انجینئر عبدالحفیظ جھکرانی کی خصوصی ہدایت پر ڈیلکونہ پولیس نے ہرنائی تا سنجاوی روڈ پر ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خطرناک منشیات (آئس) کی سمگلنگ میں ملوث ایک منشیات فروش کو موقع پر ہی گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کر دیا ہے ڈیلکونہ پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ہرنائی تا سنجاوی روڈ کے ذریعے منشیات منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جس پر ایس ایچ او ڈیلکونہ انسپکٹر ملک حبیب اللہ ترین کی قیادت میں ایک فعال پولیس ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں حوالدار گل زمان، اہلکار نجیب اور دیگر جوان شامل تھے۔ پولیس ٹیم نے مذکورہ شاہراہ پر ناکہ بندی اور سخت چیکنگ کے دوران کارروائی کرتے ہوئے مشکوک شخص کو دھر دبوچا۔ تلاشی لینے پر ملزم کے قبضے سے گرانقدر مقدار میں آئس برآمد ہوئی، جس پر پولیس نے ملزم کو فوراً حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا اور اس کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر (FIR) درج کر لی اس موقع پر ایس ایچ او انسپکٹر ملک حبیب اللہ ترین نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں کسی بھی صورت منشیات فروشی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ “منشیات ایک سماجی لعنت ہے جو ہماری نوجوان نسل کو تباہ کر کے معاشرے کی جڑیں کھوکھلی کر رہی ہے، اور اس زہر سے اپنے علاقے کو پاک کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔” انہوں نے واضح تنبیہ کی کہ جو بھی اس مکروہ دھندے میں ملوث پایا گیا، اس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور اس کے خلاف بلا تفریق سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔

