وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان سمیت نوشکی اور مند میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہا

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان سمیت نوشکی اور مند میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آپریشن شعبان کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں کلیئر کیا، جبکہ کارروائی کے دوران اب تک 33 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مزید 23 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ مند میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران آپریشن شعبان اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں 71 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جاچکا ہے، جو دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر مقامی آبادی کو درپیش خطرات میں نمایاں کمی کی ہے۔ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم کے ذریعے بلوچستان میں بدامنی پیدا نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت ”عزمِ استحکام“ کے وڑن کے مطابق دہشت گردی کے خلاف قومی عزم غیر متزلزل ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور کاوشوں سے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کی کوششیں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں