بلوچستان میں سیکورٹی فورسزکی کارروائیوں کے دوران 71سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوگئے،بابر یوسفزئی

کوئٹہ(این این آئی) معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے شعبان، زیارت، نوشکی اور مند میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف کارروائیوں کے دوران 71 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ بڑی کامیابی ہے۔اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ بلوچستان کے امن کے دشمنوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں قابلِ فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز پوری بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن کے دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ ریاست دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوت کے ساتھ موجود ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں سے دہشت گرد نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔معاون برائے داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی سیکیورٹی فورسز کی مؤثر انٹیلی جنس اور کامیاب کارروائیوں کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور بلوچستان کے عوام سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں