مسلم لیگ(ن) عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کر رہی ہے،جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کر رہی ہے سینئر کارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انکے جائز مسائل حل کئے جائیں گے مسلم لیگ(ن) کے کارکن پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف،وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔ یہ بات انہوں نے مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے سینئر رہنما ملک ابرار کی رہائش گاہ آمد پر آمد کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے رہنما ممبر سینٹرل ورکنگ کمیٹی حیدر خان اچکزئی،صوبائی ترجمان شاکر محمد حسنی،چیئرمین سوشل ویلفیئر کمیٹی حاجی وارث خان اچکزئی،صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر نثار احمد خان اچکزئی،عمر خان کاکڑ،کمانڈر تاج محمد انڈر، ہمایوں خان کاکڑ،دوست محمد خلجی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ملک اور خاص کر بلوچستان کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمدشہبازشریف ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کوشان ہیں لیکن بعض سیاسی جماعتیں ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتی اس لئے وہ وقتاً فوقتاً لانگ مارچ اور دھرنوں کا اعلان کرتی ہیں جو کسی بھی طرح ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور وفاقی حکومت نے بلوچستان میں اربوں روپے کے پروجیکٹ دیئے ہیں جن کی تکمیل سے عوام کو سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) پارٹی کارکنوں کو بڑی اہمیت دیتی ہے اور کارکن کے جائز مسائل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو بھی چاہئے کہ وہ پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف،وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور مریم نواز کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں اور عوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں