موجودہ سیاسی و عسکری قیادت خطے اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور معاشی و اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،قائمقام چیئرمین سینٹ

کوئٹہ +اسلام آباد(این این آئی) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات، وکلاء، ڈاکٹرز، قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مختلف چیمبرز آف کامرس کے نمائندگان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ، ملکی سلامتی اور بین الاقوامی سطح پر سیکیورٹی و امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ موجودہ سیاسی و عسکری قیادت خطے اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور معاشی و اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس میں انہوں نے پاکستان کے عوام کے جذبات، مؤقف اور قومی ترجیحات کو مؤثر انداز میں عالمی برادری کے سامنے پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین اور مقدس مقامات کا تحفظ ہر مسلمان کے دل کے قریب ہے اور پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے اور اس پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ عالمی سطح پر کشیدگی میں کمی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی کوششیں قابلِ ذکر ہیں۔ پاکستان امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان ملکی معاملات میں بہتری، معاشی استحکام اور عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے کی جانے والی کوششیں اہم ہیں۔ ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ملک کے حالات مزید بہتری کی جانب گامزن ہوں گے، مہنگائی میں کمی آئے گی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مزید مؤثر اقدامات سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں دانشمندانہ فیصلوں اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی کوششیں جاری ہیں۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے روزگار کے مواقع میں اضافہ اور ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے جوان اور افسران بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ پوری قوم افواجِ پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امن، استحکام، معاشی ترقی اور قومی یکجہتی کے راستے پر آگے بڑھ رہا ہے اور تمام ریاستی اداروں، سیاسی قیادت، کاروباری برادری اور سول سوسائٹی کو ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں