لندن:فلسطین کے حق میں مظاہرہ،890افراد گرفتار،غزہ میں مزید 64شہید

غزہ،لندن ،یروشلم (این این آئی) برطانوی پولیس نے گزشتہ روز فلسطین کے حق میں ہونے والے ایک احتجاجی مظاہرے میں 890 افراد کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔ مظاہرین نے ‘فلسطین ایکشن’ تنظیم پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں سے 857 کو فلسطین ایکشن کی حمایت کرنے پر گرفتار کیا گیا، جبکہ 33 دیگر افراد مختلف جرائم میں حراست میں لیے گئے ، جن میں سے 17 کو پولیس اہلکاروں پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے مظاہرے سے قبل ہی خبردار کر لیا ، جو بھی اس گروپ کی حمایت کرے گا اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔دوسری جانب ہزاروں اسرائیلی شہریوں نے نیتن یاہو کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی معاہدہ کر کے یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی کو ممکن بنائیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے حماس کو یرغمالیوں کی رہائی کے لیے معاہدہ قبول کرنے کی آخری وارننگ دے دی ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ان کی شرائط قبول کر لی ہیں، اب حماس کو بھی قبول کرنا ہوگا۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ انہوں نے حماس کو عدم تعاون کے نتائج سے خبردار کیا ہے اور یہ ان کی آخری وارننگ ہے ۔ اسرائیل نے غزہ سٹی کے مکینوں کو ایک بار پھر زبردستی علاقہ خالی کرنے کے احکامات دئیے ہیں ۔ادھر گزشتہ روز غزہ میں ایک سکول، خیموں اور گھروں پر حملوں میں کم از کم 46 فلسطینی شہید ہو گئے ۔
یمن سے فائر کیا گیا ایک ڈرون اسرائیل کے جنوبی علاقے میں واقع رامون ایئرپورٹ پر گرا، جس سے دو افراد زخمی ہو گئے ۔فلائٹ آپریشن فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اتوار کو یمن سے چار ڈرون داغے گئے ، جن میں سے تین کو راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا جبکہ چوتھا ہدف تک پہنچا۔حماس کی جانب سے بھی اسرائیل پر کم از کم دو راکٹ داغے گئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔غزہ ناکہ بندی توڑنے کی کوشش میں مشہور ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور پروفلسطین مہم چلانے والے کارکنوں کی کشتی اتوار کو تیونس کی بندرگاہ پر پہنچی تو ہزار سے زائد افراد نے ان کاشاندار استقبال کیا۔ تھنبرگ نے کہاسامنے پانی کے اُس پار نسل کشی جاری ہے ، اسرائیل کی قتل مشین بھوک پھیلا رہی ہے ۔واضح رہے گلوبل صمود فلوٹیلا بدھ کو غزہ کا رخ کرے گا، جس میں 130 سے زائد کارکن شامل ہوں گے ۔جنوبی افریقا میں نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کی علامت نیلسن منڈیلا کے پوتے نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کے لیے روانہ ہونے والے امدادی بیڑے میں شامل ہو رہے ہیں، جس کا مقصد غزہ کا محاصرہ توڑنا ہے ۔عرب میڈیا کے مطابق وہ تیونس سے روانہ ہونے والے جہاز پر سوار ہوں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں