کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے انٹرمیڈیٹ کے امتحابات کے نتائج کاعلان کردیا پہلی پوزیشن گورنمنٹ انٹر کالج کلی حرمزئی کے طالب علم سید عبدالمتین نے 1051نمبر لیکر حاصل کی۔ بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین محمد اسحاق نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گیارہویں کلاس کے امتحان میں 46737 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 40363 امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 86.4 فیصد رہا۔انہوں نے کہا کہ کلاس بارہویں میں کل 54456 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 51037 کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا تناسب 93.7 فیصد رہا۔انہوں نے کہا کہ نتائج کے مطابق گورنمنٹ انٹر کالج کلی حرمزئی سیدان ضلع پشین کے طالبعلم سید عبدالمتین ولد سید رحیم الدین نے 1051 نمبر لیکر صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ گورنمنٹ انٹر کالج پیر علی زئی کے سید اسرار احمد ولد سید سدرالدین اور اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ اقراء فیض دختر فیض محمد نے 1050 نمبر لیکر مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن، تعمیر نو گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ بی بی صفا دختر سید نصراللہ، کینٹ پبلک ڈگری کالج جناح ٹاون کوئٹہ کی طالبہ امیمہ دختر عبدالسلام اور اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ بی بی عدیلہ نے 1049 نمبر لیکر مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ چیئرمین بورڈ محمد اسحاق کے مطابق انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں کل 101193 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 91400 کامیاب قرار پائے کامیابی کا تناسب 90.3 فیصد رہا۔انہوں نے کہا کہ طلبہ اپنے نتائج بورڈ کی ویب سائٹ https://result.bbiseqta.edu.pk پر دیکھ سکتے ہیں۔چیئرمین بورڈ محمد اسحاق نے کامیاب ہونے والے تمام طلباء و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیم ہی واحد راستہ ہے۔

