اسلام آباد (این این آئی)فاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے بحرین کے ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبد اللہ الخلیفہ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزارت داخلہ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بحرین کے ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔پاکستان اور بحرین کے وزرائے داخلہ کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے جس میں پاک بحرین تعلقات، انسداد منشیات، انسداد دہشت گردی، کوسٹ گارڈز، بارڈر سیکیورٹی اور پولیس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے مابین تعاون کو مزیدمستحکم کرنے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزرائے داخلہ کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان انسداد منشیات، ایکسٹراڈیشن و میوچل لیگل اسسٹنٹس، پولیس ٹریننگ اور سپیشل بٹالین ٹریننگ کے شعبے میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزرائے داخلہ نے انسداد دہشتگردی۔ انسداد منشیات اور امیگریشن کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے، یہ ہمارے آنے والی نسلوں کی مستقبل کا معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس محدود وسائل کے باوجود قابل ستائش کام کر رہی ہے،اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے 146 ملین ڈالر کی تاریخ کی سب سے بڑی ریکوری کی گئی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ انسدادِ منشیات کے شعبے میں مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ بحرین کی جانب سے اپنے سفارت خانے میں ڈرگ لائزن آفیسر کی تعیناتی خوش آئند ہے، بحرین میں مقیم ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کی ترقی میں قابل قدر کردار ادا کر رہی ہے۔ بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبد اللہ الخلیفہ نے اس موقع پر کہا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔?بحرین پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں تعلقات کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط سے دونوں ممالک کے مابین تعاون کو فروغ ملے گا۔ بحرین کے وفد کے ارکان، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ، ڈی جی اے این ایف، کمانڈنٹ این پی اے، چیف کمشنر اسلام آباد و آئی جی اسلام آباد پولیس بھی موجود تھے۔

