قائداعظم کی زندگی عدل، دیانت، قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کی عملی مثال تھی،سیدال خان ناصر

کوئٹہ +اسلام آباد (این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سیدال خان نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 77ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پوری قوم آج اپنے عظیم قائد کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے جن کی بصیرت افروز قیادت، غیر متزلزل عزم اور اصولی سیاست کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد اور خودمختار وطن کی عظیم نعمت ملی۔سیدال خان نے کہا کہ قائداعظم کی زندگی عدل، دیانت، قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کی عملی مثال تھی۔ انہوں نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں ہر شہری کو مذہب، رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر برابری کے حقوق اور ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں بطور قوم اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم قائداعظم کے سنہری اصولوں کو مشعلِ راہ بنائیں گے اور اتحاد، ایمان اور قربانی کو اپناتے ہوئے ملک کو استحکام، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان، جمہوری اداروں اور عوام کی مشترکہ جدوجہد ہی وہ حقیقی قوت ہے جو قائداعظم کے خواب کو عملی شکل دے سکتی ہے۔ سیدال خان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو قائداعظم کے وژن کے مطابق ایک جدید، فلاحی اور خوشحال ریاست بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں