اسرائیل کا قطر کو جارحیت کا نشانہ بنانا غزہ امن مذاکرات سبوتاژکرنے کی کوشش ہے،پاکستان

اسلام آباد (این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ اسرائیل کا قطر کو جارحیت کا نشانہ بنانا غزہ امن مذاکرات سبوتاژکرنے کی کوشش ہے جس کی پاکستان بھرپور مذمت کرتا ہے،تنازع فلسطین کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر سے ملاقات میں دوحہ پر اسرائیلی حملے کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے مسلم امہ کے اتحاد پر زور دیا،پاکستانی قوم برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑی ہے۔ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، پاکستان قطر پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر سے اظہار یکجہتی کیلئے دوحہ کا ہنگامی دورہ کیا، وزیراعظم نے اسرائیلی اشتعال انگزیری کے خلاف امت مسلمہ کے متحد ہونے پر زور دیا اور امیر قطر کو بتایا کہ پاکستانی قوم برادر ملک قطر کے شانہ بشانہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان غزہ میں اسرائیلی بربریت کی بھی مذمت کرتا ہے، پاکستان تنازع فلسطین کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے قطری قیادت کو پاکستان کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا یقین دلایا اور کہا کہ پاکستان اور قطر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہے ہیں، وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔شفقت علی خاننے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف اسرائیل کی مشرق وسطیٰ میں جارحیت کی شدید مذمت کی اور مسلم امہ کے اتحاد پر زور دیا گیا، انہوں نے غزہ میں امن کے لیے قطر کے تعمیری اور ثالثی کردار کو سراہا اور کہا اسرائیل کی جانب سے ثالث ملک قطر کو نشانہ بنانا امن مذاکرات سبوتاژکرنے کی کوشش ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مرات نورٹلیو نے 8 تا 9 ستمبر کو پاکستان کا دورہ کیا، مرات نورٹلیو 13 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے، قازق وزیر خارجہ نے صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔انہوں نے بتایا کہ ملاقاتوں میں تجارت،سرمایہ کاری،زراعت،آئی ٹی،تعلیم،ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا، دونوں ملکوں نے لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ کے ذریعے علاقائی روابط بڑھانے پر زور دیا، پاکستان اور قازقستان کی وزارت خارجہ کے درمیان ایکشن پلان آف کوآپریشن پر دستخط ہوئے۔ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملے سے متعلق پاکستان کا ردعمل واضح ہے، پاکستان حملے کی مذمت کرتا ہے اور قطر سے اظہار یکجہتی کرتا ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، کسی نے مس ایڈوینچر کرنے کی کوشش کی تو بھر پور جواب دیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی افراد سے متعلق ہر ایک ملک پالیسی بناتا ہے، برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو کسی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان متعدد معاہدے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں