کوئٹہ(این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور سابق وزیر اعظم انوار الحق نے ہفتہ کو بنوں حادثے میں شہید ہونے والے میجر عدنان اسلم کی رہائشگاہ پر جاکر انکے والدین اور لواحقین سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے کہا کہ شہید میجر عدنان اسلم نے وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کر کے عظیم مثال قائم کی شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، یہ قربانیاں ملک کے امن اور استحکام کی بنیاد ہیں ڈ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہید کے والد ایک بہادر سپوت کے عظیم باپ ہیں، ان کے صبر اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں شہید کی والدہ ایک عظیم ماں ہیں جنہوں نے وطن کے لیے میجر عدنان اسلم جیسے جانباز کو جنم دیا۔انہوں نے کہا کہ میجر عدنان اسلم کی شہادت کی خواہش ان کی والدہ کے لیے فخر اور پوری قوم کے لیے اعزاز ہے پوری قوم شہید میجر عدنان اسلم جیسے جانبازوں کی قربانیوں کی معترف اور ان کی مقروض ہے۔

