کوئٹہ+اسلام آباد(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ امریکہ اور اقوام متحدہ میں تاریخی خطاب کو پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دنیا کے سب سے اہم فورم پر نہ صرف پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں اجاگر کیا بلکہ ہر پاکستانی کی آواز کو عالمی سطح پر مؤثر طریقے سے پیش کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وزیراعظم کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ امریکہ پاکستان کی ترقی خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگاانہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ امریکہ انتہائی کامیاب اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر سے متوقع ملاقات پاکستان کے اعتماد، دفاعی تعاون اور خارجہ پالیسی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر اس امر پر بھی زور دیا کہ وزیراعظم نے پاک بھارت جنگ رکوانے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے بے بنیاد پروپیگنڈے نے دونوں نیوکلئیر ممالک کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا تھا، لیکن امریکہ کی مثبت سفارت کاری نے خطے کو ایک بڑے ایٹمی بحران سے بچایا۔سیدال خان نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ امریکہ نہ صرف عالمی برادری میں پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنا ہے بلکہ اس سے دنیا بھر میں پاکستان کا وقار اور اعتماد بھی بڑھا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم کی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں سے خطے اور عالمی سیاست میں پاکستان کا کردار مزید مستحکم ہوگا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کو بھی کامیاب اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے خطے کی سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے، معیشت، سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان معاہدات کے دور رس اثرات نہ صرف دونوں ممالک کی معیشت کو مستحکم کریں گے بلکہ عوام اور قیادت کے درمیان اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین اور مقدس مقامات کا تحفظ کرنا نہ صرف ہمارا مذہبی فریضہ ہے بلکہ بہت بڑے اعزاز کی بات بھی ہے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمان کے عشائیے میں بھی شرکت کی۔ عشائیے میں جماعت کے سینیٹرز کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے بھی خصوصی شرکت کی۔ عشائیے کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، پارلیمانی تعاون اور قومی اتفاقِ رائے کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جبکہ سعودی سفیر کی موجودگی نے دونوں برادر ملکوں کے تعلقات پر بامعنی اور نتیجہ خیز گفتگو کا موقع فراہم کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کے حالیہ دورے عالمی سطح پر پاکستان کے بہتر اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور یہ خطے میں ترقی، استحکام اور تعاون کے نئے دور کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔

