دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی میں 24 گھنٹے میں 12 ہزار کیوسک کا اضافہ

کراچی (این این آئی)دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں اضافہ جاری، 24 گھنٹے میں 12 ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا، بہاؤ بڑھ کر 4 لاکھ 20 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا۔ فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق کوٹری بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، باقی دریا معمول پر آگئے ہیں جبکہ منگلا ڈیم بھرنے کے قریب ہے۔کوٹری بیراج پر سیلانی صورت حال سے ٹھٹہ میں کچے کے مزید کئی دیہات زیرِ آب آگئے جس کے نتیجے میں سیکڑوں ایکڑ پر چاول، کپاس، کیلے اور پپیتے سمیت کئی فصلیں شدید متاثر ہوگئیں۔ضلع سجاول میں دریائے سندھ کے حفاظتی پشتوں پر سیلابی صورت حال برقرارہے، حفاظتی بندوں پر پانی کا بہاؤ بڑھ گیا،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خیمہ بستیاں قائم کردی گئیں۔سیلابی صورتحال کے باعث مکینوں کی حفاظتی بند اور محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے، جام شورو میں انڑ پور، یونین کونسل شاہ اویس اور کچے کے دیہات میں پانی کا دباؤ بڑھنے لگا۔ نواب شاہ سکرنڈ مڈ منگلی حفاظتی بند کے مقام پر سیلابی صورتِ حال ہے جس کے باعث دیہات پانی میں گھِر گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں