کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور صوبائی مشیر برائے بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کی جانب سے فتنہ خوارج اور دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملے کے دوران بے گناہ شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی نوابزادہ امیر حمزہ زہری کا کہنا تھا کہ دہشت گرد صوبے کے امن کو سبوتاڑ کرنے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں، تاہم سیکورٹی فورسز کی موجودگی میں ان کے مذموم عزائم کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ کوئٹہ دھماکے میں دہشت گردوں کو جہنم واصل کرکے ایف سی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جو قابلِ تحسین ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور اور مؤثر انداز میں کارروائی کر رہی ہے اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرکے درجنوں انسانی جانیں بچائی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاڑ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ یہاں کے شہریوں اور سیکورٹی اداروں نے قیام امن کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اور عوام شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

