کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و واسا سردار عبدالرحمن کھیتران سے سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صوبے کے عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔اس موقع پر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی خدمت کے عزم کے ساتھ میدانِ عمل میں ہے، عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا جا رہا ہے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور کسی کو مایوس نہیں کیا جائے گا۔

