کوئٹہ(این این آئی)وفاقی محتسب کے حکم پر درخواست گزار غلام مصطفٰی کو گیس کے بل میں 209،736 روپے کا ریلیف فراہم کروا دیا گیا۔شکایت کنندہ نے بیان دیا کہ (سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ) نے جون 2025 میں انہیں بلاجواز 384,400 روپے کا زائد بل بھیجا انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ محکمے نے جنوری، فروری اور مارچ کے 704 یونٹس کا بل ایک ہی ماہ میں بھیج دیا، جس کی وجہ سے اضافی بلنگ ہوئی۔انہوں نے اس کی درستگی کے حوالے سے متعدد بار متعلقہ محکمے سے رابطہ کیا دفتر کے چکر کاٹے لیکن سب بے سود رہا کوئی شنوائی نہ ہوئی۔لہذا، مجبور ہو کر انہوں نے وفاقی محتسب کوئٹہ سے رجوع کیا اور متعلقہ محکمے کی تاخیر اور عدم توجہی کے خلاف درخواست دائر کی۔درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت شروع کر دی۔سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔لہذا، وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کے گیس بل کی درستگی جلد کی جائے۔احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کے گیس بل کی درستگی کر دی جس سے انہیں 209,736 روپے کا ریلیف فراہم ہوا۔اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔

